ہفتہ، 30 مئی، 2015

اچھا ہوا کہ دم شب ہجراں نکل گیا

اچھا ہوا کہ دم شب ہجراں نکل گیا
دشوار تھا یہ کام پر آساں نکل گیا

بک بک  سے ناصحوں کی ہوا یہ تو فائدہ
میں گھر سے چاک کر کے گریباں نکل گیا

پھر دیکھنا کہ خضر پھرے گا بہا بہا
گر سوئے دشت میں کبھی گریاں نکل گیا

خوبی صفائے دل کی ہماری یہ جانیے
سینے کے پار صاف جو پیکاں نکل گیا

ہنگامے کیسے رہتے ہیں اپنے سبب سے واں
ہم سے ہی نام کوچۂ جاناں نکل گیا

فرقت میں کار وصل لیا واہ واہ سے
ہر آہ دل کے ساتھ اک ارماں نکل گیا

بہتر ہوا کہ آئے وہ محفل میں بے نقاب
عاؔرف غرور ماہ جبیناں نکل گیا

منگل، 19 مئی، 2015

جب اک چراغ راہگزار کی کرن پڑے

جب اک چراغ راہگزار کی کرن پڑے 
ہونٹوں کی لو لطیف حجابوں سے چھن پڑے 

شاخِ ابد سے جھڑتے زمانوں کا روپ ہیں 
یہ لوگ جن کے رخ پہ گمانِ چمن پڑے 

تنہا گلی، ترے مرے قدموں کی چاپ، رات
ہر سو وہ خامشی کہ نہ تابِ سخن پڑے 

یہ کس دیار کی ٹھنڈی ہوا چلی
ہر موجۂ خیال پہ صد ہا شکن پڑے 

جب دل کی سل پہ بج اٹھے نیندوں کا آبشار
نادیدہ پائلوں کی جھنک جھن جھنن پڑے 

یہ چاندنی یہ بھولی ہوئی چاہتوں کا دیس
گزروں تو رشحۂ عطرِ سمن پڑے 

یہ کون ہے لبوں میں رسیلی رتیں گھلیں 
پلکوں کی اوٹ نیند میں گلگوں گگن پڑے 

اک پل بھی کوئے دل میں نہ ٹھہرا وہ رہ نورد
اب جس کے نقشِ کفِ پا ہیں چمن در چمن پڑے 

اک جست اس طرف بھی غزال زمانہ رقص
رہ تیری دیکھتے ہیں خطا و ختن پڑے 

جب انجمن تموجِ صد گفتگو میں ہو
میری طرف بھی اک نگہ کم سخن پڑے 

صحرائے زندگی میں جدھر بھی قدم اٹھیں 
رستے میں ایک آرزوؤں کا چمن پڑے 

اس جلتی دھوپ میں یہ گھنے سایہ دار پیڑ
میں اپنی زندگی انہیں دے دوں جو بن پڑے 

اے شاطرِ ازل ترے ہاتھوں کو چوم لوں 
قرعے میں میرے نام جو دیوانہ پن پڑے 

اے صبح دیر خیز انہیں آواز دے جو ہیں 
اک شام زود خواب کے سکھ میں مگن پڑے 

اک تم کہ مرگ دل کے مسائل میں جی گئے 
اک ہم کہ ہیں بہ کشمکش جان و تن پڑے 

امجد طریق مے میں ہے یہ احتیاط شرط
اک داغ بھی کہیں نہ سرِ پیرہن پڑے 
اس بلاگ کے جملہ حقوق محفوظ ہیں۔ جیسے دوسرے تمام بلاگز کے محفوظ ہوا کرتے ہیں۔