جمعہ، 12 اپریل، 2013

بے سود ہمیں روزنِ دیوار سے مت دیکھ

بے سود ہمیں روزنِ دیوار سے مت دیکھ
ہم اجڑے ہوئے لوگ، ہمیں پیار سے مت دیکھ

پستی میں بھٹکنے کی ندامت نہ سوا کر
مڑ مڑ کے مجھے رفعتِ کہسار سے مت دیکھ

قیمت نہ لگا جذب ایثارِ طلب کی
ہر شے کو فقط چشمِ خریدار سے مت دیکھ

پھر تجربہ مرگ سے مت کر مجھے دوچار
میں ہجر زدہ ہوں مجھے اس پیار سے مت دیکھ

میں اور کہیں صاف دکھائی نہیں دوں گا
ہٹ کر مجھے آئینہ اشعار سے مت دیکھ

گر دھوپ میں چلنا ہے تو اس شجر طلب کو
کاغذ پہ اگائے ہوئے اشجار سے مت دیکھ

اتنا تو بھرم زخمِ شناسائی کا رکھ لے
ہنس کر مری جانب صفِ اغیار سے مت دیکھ 


2 تبصرے:

  1. واہ بہت ہی خوب غزل ہے۔

    خاص طور پر یہ شعر تو لاجواب ہے۔

    پستی میں بھٹکنے کی ندامت نہ سوا کر
    مڑ مڑ کے مجھے رفعتِ کہسار سے مت دیکھ

    بہت شکریہ ! اس شراکت کا۔

    شاعر کا نام کیا ہے؟

    جواب دیںحذف کریں
  2. بہت شکریہ احمد بھائی انتخاب کو پسند کرنے کا۔۔۔ یہ اعتبار ساجد کی غزل ہے۔۔۔ اور انکے نام کے ساتھ ہی شائع کی ہے۔

    جواب دیںحذف کریں

اس بلاگ کے جملہ حقوق محفوظ ہیں۔ جیسے دوسرے تمام بلاگز کے محفوظ ہوا کرتے ہیں۔