کچھ دن قبل میں اپنے کالج کے سرور کا معائینہ کرنے گیا تو وہاں تہہ خانے میں دیوار پر چپکا ایک کاغذ دکھائی دیا۔ اسے پڑھا تو وہ کچھ ایسے تھا
چند مشورے، کمپیوٹر سپورٹ ٹیم کی طرف سے
- جب آپ اپنے کمپیوٹر کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرانا چاہیں تو اس امر کو یقینی بنا لیں کہ آپ کے مانیٹر، کمپیوٹر اور ہر ممکنہ جگہ پر پھول، بچوں اور بلی و دیگر گھریلو جانوروں کی تصاویر لگی ہوں۔ ظاہر ہے کہ ہم لوگوں کی اپنی زندگی تو ہوتی نہیں، اس لئے یہ جان کر خوش ہو جائیں گے کہ آپ کی زندگی اتنی اچھی جا رہی ہے
- کمپیوٹر پر جب بھی کوئی ایرر میسج آئے تو اسے ہرگز ہرگز نہ نوٹ کریں۔ ہم لوگوں کے پاس قدرتی طور پر یہ صلاحیت ہوتی ہے کہ ہم کمپیوٹر کی کالی سکرین دیکھ کر مسئلہ سمجھ جاتے ہیں
- جب ہم آپ کو بتائیں کہ ہم آ رہے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ آپ کافی کے لئے چلے جائیے۔ آپ کے دفتر کے 300 افراد کے سکرین سیورز کے پاس ورڈ ہمیں یاد ہوتے ہیں
- جب بھی ہمیں کال کریں اور بتائیں کہ آپ کیا کرنا چاہ رہے ہیں تو ہرگز ہرگز یہ نہ بتائیے کہ کس ایرر کی وجہ سے آپ ایسا نہیں کر پا رہے
- جب ہم آپ کو ہنگامی بنیادوں پر کوئی ای میل کریں تو اسے پڑھے بغیر ضائع کر دیں۔ عین ممکن ہے کہ ہم محض ٹیسٹنگ کر رہے ہوں؟
- جب ہم لوگ کھانا کھا رہے ہوں تو اپنے سارے مسائل کی گٹھڑی لے کر ہمارے سامنے بیٹھ جائیے۔ ظاہر ہے کہ ہماری پیدائش صرف آپ کی خدمت کرنے کو ہوئی ہے تو پھر کیا حرج ہے
- جب کوئی کام عجلت میں کرانا چاہیں تو بڑی اے بی سی میں لکھ کر ای میل کریں۔ اس سے سرور کو پتہ چل جاتا ہے کہ یہ والی ای میل فوری طور پر ہمیں پہنچا دے
- جب فوٹو سٹیٹ مشین کام نہ کر رہی ہو تو ہمیں فون کر لیجئے۔ ظاہر ہے کہ فوٹو سٹیٹ مشین میں بھی کچھ نہ کچھ کمپیوٹر ہوتا ہی ہے
- جب آپ کے گھر میں کمپیوٹر پر کوئی مسئلہ پیدا ہو جائے تو فوراً ہمیں فون کر لیں۔ ہمارے پاس جادو کی چھڑی ہوتی ہے کہ ہم دفتر بیٹھے بیٹھے آپ کے گھریلو پی سی کو ٹھیک کر سکتے ہیں
- جب آپ کا مانیٹر خراب ہو جائے تو ہمیں کال کیجیئے۔ ظاہر ہے کہ ری سائیکل کی ذمہ داری بھی ہم لوگوں پر عائد ہوتی ہے
- جب بھی کمپیوٹر خراب ہو تو فوراً اسے اٹھا کر ہمارے دفتر چھوڑ جائیے۔ ہرگز یہ نہ بتائیے کہ آپ کا نام، عہدہ، ڈیپارٹمنٹ، فون نمبر یا یہ کہ خرابی کیا ہے۔ اس سے ہمیں مزید محنت کرنے کی ترغیب ملے گی
- جب ہم آپ کو یہ بتائیں کہ مانیٹر سکرین میں ہرگز سیاہی کا کارٹریج نہیں ہوتا، کبھی بھی یقین نہ کیجئے۔ اس سے ہمیں اپنے کام سے مزید لگن پیدا ہوتی ہے
- جب ہم وعدہ کریں کہ ہم تھوڑی دیر تک آ جائیں گے، فوراً سڑا سا منہ بنا کر پوچھیئے کہ "اوہو، تھوڑی دیر کتنے ہفتے بعد پوری ہوگی"۔ اس سے ہمارا دل چاہے گا کہ فوراً پہنچیں
- جب پرنٹر فائل کو پرنٹ نہ کرے تو کم از کم بیس بار مزید وہی فائل دوبارہ بھیجیں۔ اکثر بلیک ہول آپ کی فائلوں کو نگل جاتے ہیں۔ بیس بار بھیجنے سے کوئی نہ کوئی فائل عین ممکن ہے کہ بلیک ہول سے بچ جائے؟
- اگر بیس بار بھیجنے پر بھی پرنٹر کام نہ کرے تو پھر اپنے دفتر کے دیگر 69 پرنٹروں کو یہ فائل بھیج دیجیئے۔ ظاہر ہے کہ کوئی نہ کوئی پرنٹر تو بلیک ہول کی زد سے باہر ہوگا
- کبھی بھی، کسی بھی قیمت پر، کمپیوٹر یا پروگرام کے حصوں کے نام نہ یاد کیجئے۔ جب آپ فون پر ہمیں کہیں گے کہ "یار یہ کام نہیں کر رہا" ہمیں فوراً علم ہو جائے گا کہ خرابی کہاں ہے
- پروگرام یا کمپیوٹر پر موجود ہیلپ کو کبھی بھول کر بھی ہاتھ نہ لگائیے۔ یہ ہیلپ صرف ذہنی طور پر معذور افراد کے لئے بنائی جاتی ہے اور اس میں رنگ برنگے کارٹون ہی تو ہوتے ہیں
- اگر ماؤس کی تار بار بار کی بورڈ یا دیگر امور میں حرج پیدا کر رہی ہو تو اسے مانیٹر کے نیچے دبا دیں۔ ظاہر ہے کہ بیس کلو جتنا وزنی مانیٹر ماؤس کی تار کا کیا بگاڑ سکتا ہے
- اگر سپیس بار کام چھوڑ جائے تو اس کا الزام ہمارے سر لگا دیں کہ دو ہفتے قبل ہم نے ونڈوز کو اپ ڈیٹ کیا تھا جس کے بعد یہ خرابی ہوئی ہے
- کیا آپ کو علم ہے کہ آپ کے کی بورڈ کی کیز کو ڈبل روٹی کے ٹکڑوں اور پیپسی اور کافی کے قطروں سے کتنی محبت ہے
- جب پاپ اپ سکرین پر لکھا آئے کہ کیا آپ واقعی یہ کام کرنا چاہتے ہیں، فوراً یس کا بٹن دبا دیں۔ خوامخواہ پیغام پڑھنے کا فائدہ؟
- جب ہم میں سے کوئی بھی بندہ فون پر اپنے گھر بات کر رہا ہو تو فوراً بغیر پوچھے میز کے کنارے پر ٹک جائیے اور ہمیں گھورتے رہیئے۔ ظاہر ہے کہ ہماری اپنی تو کوئی زندگی ہے ہی نہیں
- جب ہم آپ کو کسی تکنیکی تفصیل سے آگاہ کریں تو فوراً جماہی لے کر کہیئے "یار یہ سب بکواس ہے۔ مجھے ککھ پلے نہیں پڑ رہا"۔ ہم آپ کو کیسے بتائیں کہ ہماری محنت کو جب بکواس کہا جائے تو ہمیں کتنی دلی خوشی ہوتی ہے
- جب پرنٹر کا سیاہی کا کارٹریج بدلنا ہو تو فوراً ہمیں فون کیجیئے۔ ایچ پی کمپنی کا حکم ہے کہ اتنا مشکل کام صرف وہی افراد کر سکتے ہیں جن کے پاس کوانٹم مکینکس کے مضمون میں پی ایچ ڈی کی ڈگری ہو
- جب آپ کو مطلوبہ بندہ نہ مل رہا ہو تو ہمیں فون کر کے تلاش کرنے پر لگا دیجئے
- جب کئی برس قبل ناکارہ کمپیوٹر کا پاس ورڈ یاد نہ ہو تو فوراً ہمیں فون کیجئے۔ ہم لوگ پیدائشی ہیکر ہوتے ہیں
- جب کمپیوٹر کام چھوڑ جائے تو سیکریٹری کو فون کر کے حکم دیجیئے کہ وہ ہمیں اس بارے بتائے۔ ظاہر ہے کہ سیکریٹری کو اپنے کمرے میں بیٹھے بٹھائے آپ کے کمپیوٹر کی خرابی کے بارے تمام تر تفصیلات پتہ ہوں گی
- جب آپ کو کوئی بڑی وڈیو فائل جو کئی میگا بائٹس پر مشتمل ہو، ملے تو فوراً پورے دفتر کو ای میل میں فارورڈ کر دیں۔ ظاہر ہے کہ اس سے ہمارے انٹرانیٹ پر کوئی فرق نہیں پڑنا اور ہمارے پاس ڈسک پر ہمیشہ ان فائلوں کے لئے جگہ موجود رہتی ہے
- جب آفس میں رش لگا ہو، عین اسی وقت کئی سو یا اگر ممکن ہو تو ہزار دو ہزار صفحات پرنٹ کرنا شروع کر دیں۔ ظاہر ہے کہ آپ سے زیادہ پرنٹر پر کس کا حق ہے
- جب کمپیوٹر سے متعلق کوئی چیز پوچھنی ہو تو اس کا نام وغیرہ ہرگز یاد نہ کریں۔ بار بار یہی کہتے رہیں کہ وہ کیا بات تھی جو میں نے پوچھنی تھی
- ظاہر ہے ہم جیسے نکمے بندے فوری تو مدد کو نہیں پہنچ سکتے۔ آپ خود مسئلہ حل کرنے کی کوشش کیجئے۔ بعد ازاں آپ کے پیدا کردہ مسائل کو حل کرنے اور اصل مسئلے تک پہنچنے تک ہم کافی چست و چالاک ہو چکے ہوں گے
- کبھی یہ نہ بتائیے کہ آپ نے کیا کیا۔ بس یہی کہہ دینا کافی ہے کہ "یہ خود ہی بند ہو گیا ہے"
واھ!! بھت اعلی لکھا ھے!!!
جواب دیںحذف کریںواکعی کمال لکھا ھے
ہی ہی ہی
جواب دیںحذف کریں